نئی دلی:2 /اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہاکہ ملک کسی بھی تشدد کے خلاف متحد ہے اور مسلمانوں کو یہ سمجھ میں آ گیا ہے کہ دہشت گردی اسلام کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے۔نامہ نگاروں نے جب ان سے جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کی طرف سے کئے جا رہے تشدد کے بارے میں پوچھا،تو انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پورا ملک متحد ہے،مسلمانوں کو یہ سمجھ میں آ گیا ہے کہ دہشت گردی اسلام کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وادی کشمیر میں بدامنی پھیلا رہے دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز مناسب جواب دے رہی ہیں۔راجناتھ نے جمعہ کو کہا تھا کہ پاکستان سوشل میڈیا کا استعمال کشمیر میں نوجوانوں کو تصادم کی جگہ پر پہنچانے اور چھپے ہوئے دہشت گردوں کی مدد کرنے کے لیے کر رہا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ تشدد متاثرہ علاقے میں ایک نیا چلن دیکھنے میں آرہا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان چل رہے تصادم کی جگہ کے پاس آس پاس کے گاؤں سے نوجوان جمع ہو جاتے ہیں اور دہشت گردوں کو فرار ہونے میں مدد کرنے کے لیے پتھر بازی کرنے لگتے ہیں۔